کورونا کے دوران خود کو فٹ رکھنے کے طریقے

فوٹوفائل

موسمی تبدیلی آئے یاوبائی امراض لیکن فٹنس کے فوائدکو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا تاہم عالمی وبا کووڈ 19 نے جہاں زندگی کے ہر شعبے کو متاثر کیا وہیں فٹنس سینٹرز بھی اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

ملک بھر کے کئی ورک آؤٹ سینٹرز پر آج بھی عالمی وبا کے باعث تالے پڑے ہیں لیکن سماجی دوری کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ اس سال آپ کی فٹنس اور ورک آؤٹ سیشنز متاثر ہوجائیں اور آپ موٹے بھدے دکھائے دینے لگیں۔

2020: ورزش دگنی ضروری کیوں؟

سانتا مونیکا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر چیما میلٹن کا کہنا ہے کہ گزشتہ 9،8 ماہ سے پھیلی بے چینی اور نفسیاتی پریشانیوں میں گھرے ماحول میں ورزش کا انتخاب دگنی اہمیت کا حامل ہے۔

اس صورتحال نے دنیا بھر کے افراد کو قید پر مجبور کرتے ہوئے انزائٹی، سماجی تنہائی اور خوف جیسی نفسیاتی کیفیات میں مبتلا کردیا ہے اس لیے اس صورت حال پر قابو پانے کے لیے وزش کا انتخاب نہایت اہم ہے۔

وائرس سے محفوظ رہتے ہوئے ورزش کیسے کی جائے؟

فوٹوفائل

سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق ،ورزش کے چند سادہ اصولوں کو اپناتے ہوئےکرونا وائرس کے پھیلاؤ سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔مثلاً

• کسی بھی شخص سےکم ازکم 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھیں۔

• جس جگہ سماجی دوری مشکل ہو وہاں ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے۔

• جتنا ممکن ہوسکے آؤٹ ڈورایکسرسائز کا انتخاب کریں، خاص طور پر اس وقت جب آپ کوئی سخت ورزش کررہے ہوں اور ماسک کا استعمال بھی مشکل ہوں۔

• بند مقامات پر سماجی دوری اور ماسک کے ساتھ ہوا کی آمدورفت کے لیے کھڑکیاں کھول دیں۔

• مشترکہ طور پر استعمال کیے جانے والے ایکوئپمنٹ(آلات ) کو باقاعدگی سے صاف اور ڈس انفیکٹ کروائیں۔

سماجی دوری اور فٹنس ساتھ کرنے کے لیے ڈاکٹر چیما میلٹن کے تجویز کردہ درج ذیل مختلف ورک آؤٹ اپنائے جاسکتے ہیں ۔

واک کے لیے جائیں

فوٹوفائل

اپنے آپ کو ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ رکھنے کے لیے واک ایک بہترین انتخاب ہے تاہم اگرآپ ایک پرہجوم شہر کے رہائشی ہیں تو آپ کو خاص احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔

واک کے دوران خصوصی طور پر جب آپ بھاگ رہے ہوں یا لمبی لمبی سانسیں لے رہے ہوں تو کسی بھی شخص سے 6 یا اس سے زائد فٹ کا فاصلہ لازمی رکھیں۔

سائیکلنگ

فوٹوفائل

سائیکلنگ کے ذریعے خود کومتحرک رکھتے ہوئے کئی میل سماجی دوری باآسانی اپنا جاسکتی ہے۔

ڈاکٹر چیما کے مطابق واکنگ، رننگ اور ہائکنگ کے برعکس پرہجوم مقامات پر سائیکلنگ کے دوران ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

پرہجوم مقامات پر سائیکلنگ کے لیے ایک ہی فائل لائن اپنانے سے گریز کیا جائے اور خصوصاً اس وقت جب آپ نے ماسک نہ پہنا ہو کیونکہ تیزی سے سانس لیتے وقت کسی دوسرے شخص تک وائرس پہنچنے یا پھر آپ کو وائرس لگنے کے خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں ۔

آؤٹ ڈور گروپ فٹنس کلاسز

فوٹوفائل

باقاعدہ ورزش کے لیے ایسے فٹنس سینٹر کا انتخاب کریں جہاں فٹنس انسٹرکٹرز یقینی بنائیں کہ گروپ میں شامل ہر فرد کی سٹنگ ارینجمنٹ دوسرے فرد سے کئی فٹ کے فاصلے پر ہے۔

ساتھ ہی ہر فرد باقاعدگی سے ماسک کا استعمال کررہا ہو، سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے جم کے ہر آلات کو استعمال کرنے کے بعد ہاتھ دھونے کو معمول بنائیں۔

ٹینس کھلیں

فوٹوفائل

رواں برس سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے آؤٹ ڈور ورک آؤٹ کے طور پر ٹینس ایک بہترین آپشن ہے۔

اس کھیل کے دوران ایک فریق دوسرے فریق سے 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھتا ہے چنانچہ سانس کے ذریعے پھیلنے والے وائرس سےبآسانی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

تیراکی کریں

فوٹوفائل

ڈاکٹر میلٹن کے مطابق پول میں وائرس کی موجودگی کے اب تک کوئی شواہد نہیں مل سکے ہیں لہٰذا چند احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے باآسانی سوئمنگ کی جاسکتی ہیں۔

سی ڈی سی کے مطابق ان تدابیر میں انڈور ایریا میں ہوا کی زیادہ سے زیادہ آمدورفت کا انتظام ہونا شامل ہے، ساتھ ہی سوئمنگ سطح کا باقاعدگی سے ڈس انفیکٹ کیا جانا، فرنیچر سیٹنگ میں فاصلہ موجود ہونا اور پول ڈیک میں ردوبدل جیسی تدابیر شامل ہیں۔

مزید خبریں :