پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2020

کوئٹہ جلسہ ہرصورت ہوگا، حکومت سیکیورٹی نہیں دے سکتی تو گھر چلی جائے، فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کےسربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ کوئٹہ کاجلسہ ہرصورت ہوگا، اگرحکومت سیکیورٹی فراہم نہیں کرسکتی تو وہ گھرچلی جائے۔

قلات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھاکہ مہنگائی اور بیروزگاری نے لوگوں کوگھروں سے نکلنے پر مجبورکردیاہے،ہم نے اس نالائق حکومت کو گھر بجھوانا ہے، یہ ایک ناجائز، نااہل اور نالائق حکومت ہےجسے مسلط کیاگیا، عوام کی کرب اور چیخ و پکار حکومت تک نہیں پہنچ رہی تو یہ بہرے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کاکہنا تھاکہ کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے سے متعلق کوئی تھریٹ (دھمکی) نہیں ہے، اگر ہو بھی تو ہمیں کوئٹہ میں جلسہ کرنا ہے،کسی لیڈر کے نہ آنے سے پی ڈی ایم اتحاد پر فرق نہیں پڑےگا، ہمارا ذاتی کوئی ایجنڈا نہیں ہے، حکومت 2 سالوں سے نا اہلی کامظاہرہ کررہی ہے۔

ان کا مزیدکہنا تھاکہ اگر کوئٹہ میں کوئی تھریٹ ہے تو اس سےنمٹنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے، کوئٹہ کاجلسہ ہر صورت میں ہوگا، اگرحکومت سیکیورٹی فراہم نہیں کرسکتی تووہ گھرچلی جائے۔

خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اگلا جلسہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونا ہے جس سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) نے پشاور اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔

نیکٹا کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بم اور خودکش دھماکوں سے سیاسی اور مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

مزید خبریں :