Time 26 اکتوبر ، 2020
دنیا

ترک صدر کی فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل، فرانس کیخلاف دنیا بھر میں مظاہرے

ترک صدر طیب اردوان نے اپنی قوم سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کردی۔

ترک صدر نے انقرہ میں ہفتہ میلاد النبی ﷺ کانفرنس سے خطا ب میں کہا کہ فرانس میں اِس وقت ذہنی طور پر مفلوج شخص حکمران ہے جو دین اسلام کی بے حرمتی اور بدکلامی کررہا ہے۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ترک قوم فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کردیں۔

ترک صدر نے قوم سے خطاب میں جرمنی میں بھی مسجد پر چھاپے کو آڑے ہاتھوں لیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر طیب اردوان نے فرانسیسی صدر کے بیان اور گستاخانہ خاکوں کے خلاف سخت ردعمل دیا تھا اور فرانسیسی صدر کو ’دماغی معائنے‘ کا مشورہ دیا تھا۔

اس کے ردعمل میں فرانس نے ترکی سے اپنا سفیر واپس بلالیا تھا۔

فرانس کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج

دوسری جانب فرانسیسی صدر کی تقریر اورفرانس میں توہین آمیزخاکوں کی اشاعت کے خلاف فلسطین، شام، لیبیا اور بنگلادیش میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ان مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فرانس کے عمل کی شدید مذمت کی۔

وہیں اردن نے بھی فرانسیسی صدر کے بیان کی مذمت کی ہے۔ گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے بیان کے بعد کویت، اردن اور قطر سمیت متعدد عرب ممالک نے فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے اپنے حالیہ بیان میں دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو آزادی اظہار رائے سے منسوب کیا تھا۔

مزید خبریں :