دنیا
Time 27 اکتوبر ، 2020

مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کیخلاف یومِ سیاہ منایاگیا

مقبوضہ جموں کشمیر  پر بھارت کے ناجائز قبضے کے 73 برس مکمل ہونے پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس سمیت وادی کی دیگر تنظیموں نے منگل کو مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی کال دی تھی، اس موقع پرگھروں پر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔

مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف پورا پاکستان سڑکوں پر نکل آیا، مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شہر،شہر مظاہرے اور  جلسے منعقد ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

یوم سیاہ کےموقع پر مظفرآباد  ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں تقریب ہوئی جس میں اسکول کے بچے اورسرکاری ملازمین شریک ہوئے۔

 یوم سیاہ پر وزیر اعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرکاکہناتھاکہ جھگڑا ان بالا دست قوتوں کے ساتھ ہے جو سب کے دشمن ہیں۔

 میرپور میں ضلع کچہری سےچوک شہیداں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، نکیال اور وادی نیلم میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اوربھارت کےخلاف نعرے لگائے گئے۔

فیصل آباد،خانیوال، بہاول نگر، منڈی بہاوالدین اورجہلم میں بھی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں ریلی نکالی گئی،ریلی میں طلباء نے کشمیریوں سے یکجہتی کے نعرے لگائے۔

ٹنڈو جام کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں ٹھٹھہ، سجاول، سکھر،خیرپور،شکارپور اورکندھ کوٹ میں بھی سیاسی ،سماجی اور دیگر تنظیموں نےمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی قبضےکےخلاف احتجاج کیااور ریلیاں نکالیں۔

ضلع خیبر میں کشمیریوں کے ساتھ یکجپتی کا مظاہرہ کیاگیا،ڈیرہ اسماعیل خان،چارسدہ، پاراچنار اور مہمند بھی میں بھی کشمیروں سے اظہار یکجہتی کےلیے ریلیاں نکالی گئیں،مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیری بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

 آج کا دن انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے: عمران خان

یوم سیاہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن انسانی تاریخ کے ایک تاریک باب کو اجاگر کرتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ بین الاقوامی تنازع ہے، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے پرامن حل کے لیے کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا، بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں و کشمیر میں اپنی فوج اتار کر اس پر ناجائز قبضہ کیا تھا۔

برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاج

دوسری جانب کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا گیا، بیلجیئم کے دارالحکومت میں بھی کشمیرکونسل یورپی یونین کی جانب ست احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔

 چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید کا کہنا تھا کہ بھارت 7 دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکے۔

مزید خبریں :