دنیا
Time 27 اکتوبر ، 2020

مرغوں کے درمیان لڑائی، پنجہ لگنے سے پولیس افسر ہلاک

پولیس نے واقعے کے بعد دونوں لڑاکا مرغوں سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے،فوٹو:فائل

فلپائن میں ایک پولیس افسر آپس میں لڑنے والے مرغے کا پنجہ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ فلپائن کے وسطی صوبے شمالی سمر میں پیش آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مرغوں کی غیر قانونی لڑائی کی اطلاع پر پولیس افسر نے چھاپہ مارا، اس دوران لڑائی کرنے والے ایک مرغے کو پکڑنے کی کوشش میں مرغے کے پنجے میں لگا تیز دھار بلیڈ پولیس افسر کی ران میں پھنس گیا۔

پولیس حکام کے مطابق بلیڈ سے پولیس افسر کی ران کی نس کٹ گئی اور زیادہ خون بہنے کے باعث اس کی موت ہوگئی۔

صوبائی پولیس سربراہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ بدقسمتی سے یہ واقعہ پیش آیا ہے جسے بیان نہیں کیاجاسکتا۔

ان کا کہنا تھاکہ میری 25 سالہ نوکری میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ ہمارا کوئی جوان مرغے کے پنجے سے ہلاک ہوا ہے۔

پولیس نے واقعے کے بعد دونوں لڑاکا مرغوں سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

خیال رہے کہ مرغوں کی خونی لڑائی فلپائن میں بہت مقبول ہے، جیتنے والے مرغے کے مالک کو انعام یا شرط کی بڑی رقم ملتی ہے جب کہ تماشائیوں کی جانب سے بھی مرغوں پر شرط لگا کر پیسے کمائے جاتے ہیں۔

فلپائن میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنےکے لیے دیگر کھیلوں کی طرح مرغوں کی لڑائی کو بھی غیر قانونی قرار دیاگیا ہے۔

مزید خبریں :