پاکستان
Time 28 اکتوبر ، 2020

بھارتی پائلٹ سے متعلق ایاز صادق کا بیان حقیقت کے برعکس ہے: شاہ محمود

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق کے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی سے متعلق بیان کو حقیقت کے برعکس قرار دے دیا۔

اپنے ردعمل میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایازصادق سے ایسی بات کی توقع نہیں کرتا، انہوں نے جو مؤقف بیان کیا وہ حقیقت کے برعکس ہے، انٹیلی جنس معلومات پر پارلیمان کواعتماد میں لیا تھا جس میں ابھی نندن کا ذکر نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے ایسی غیرذمہ دارانہ گفتگو کی جارہی ہے، ذمہ دار لوگ غیر ذمہ دارانہ گفتگو کررہے ہیں جس پر حیرانی ہے، اپوزیشن عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کا فیصلہ پڑھ لے اور پاکستان کامؤقف بھی پڑھ لیا جائے، یہ لوگ کلبھوشن اور ابھی نندن کے معاملے پر قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو موقع نہیں دینا چاہتے کہ وہ پاکستان کو دوبارہ آئی سی جے میں لے جائے، کوئی بھی پاکستانی کشمیر پر سودے بازی نہیں کرسکتا، ہم قوم کو کشمیر پر یکجا کرتے ہیں اور یہ بھارت کا بیانیہ بنانا شروع کر دیتے ہیں، یہ ایوان میں آکر معاملات میں ابہام پیدا کررہے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ابھی نندن کے معاملے کو بلاوجہ متنازع بنانےکی کوشش کی جارہی ہیں، انھوں نے سب چیزیوں کو سیاست کی نذر کردیا ہے جو انتہائی افسوس ناک ہے۔

ابھی نندن سے متعلق بریفنگ میں اپوزیشن رہنما بھی موجود تھے: علی محمد خان

دوسری جانب وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن سے متعلق بریفنگ کے وقت آصف زرداری اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سمیت دیگر اپوزیشن رہنماموجود تھے لیکن کسی نے اعتراض نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے فیصلے کی سب نے حمایت کی جو  بیانیہ اندر ہو باہر بھی وہیں رکھیں۔ 

خیال رہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے گھٹنے ٹیک کر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھارت بھیجا۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں وزیراعظم نے آنے سے انکار کردیا تھا مگر آرمی چیف اس میں شریک تھے، پسینے میں شرابور وزیرخارجہ شاہ محمود نے کہا تھاکہ خدا کے واسطے ابھی نندن کو واپس جانے دیں، آج رات 9 بجے بھارت حملہ کررہا ہے۔

مزید خبریں :