پاکستان
Time 29 اکتوبر ، 2020

پاکستان: کورونا میں مسلسل اضافہ، مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے بھی بڑھ گئی

اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس کیسز مثبت آنے کی شرح 3 فیصد سے بھی بڑھ گئی۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ 70 سے زائد روز کے بعد گزشتہ روز پاکستان میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 3 فیصد سے زائد رہی۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے کچھ انتہائی ہائی رسک عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں سخت کی ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی پھیلتی ہوئی وبا کو صرف اسی صورت قابو کیا جاسکتا ہے کہ عوام احتیاط کی سخت ضرورت پر یقین رکھیں۔

رات 10 بجے کاروباری سرگرمیاں بند

خیال رہے پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد این سی او سی نے ملک میں نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے جن کا اطلاق آج سے ہوگا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلوں کے تحت ریسٹورینٹس، شادی ہالز اور کاروباری مراکز کو رات 10 بجے بند کیا جائے گا جب کہ گھروں سے باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کی صورتحال

این سی او سی کے  مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے مزید16 اموات ہوئیں جس سے مرنے والوں کی تعداد 6775 ہوگئی جب کہ 908 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 801 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :