29 اکتوبر ، 2020
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے گزشتہ روز کے بیان پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
ایاز صادق نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ’کل جو میں نے اسمبلی میں بیان دیا اس میں بھارتی میڈیا کا جو رد عمل آیا وہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور اس کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ایک چیز واضح ہے کہ ابھی نندن پاکستان مٹھائی بانٹنے نہیں آیا، اس نے پاکستان پر حملہ کیا تھا اور ابھی نندن کے جہاز کو گرانا پاکستان کی فتح تھی‘۔
ایاز صادق کا کہنا تھاکہ ’وزیراعظم نے پارلیمانی رہنماؤں کی ابھی نندن سے متعلق میٹنگ بلائی جو تاخیر کا شکار ہوئی، میٹنگ میں تاخیر کی کیا وجہ تھی؟ کیا وہ مودی سے ڈکٹیشن لے رہے تھے ہم سے شیئر کرنا مناسب نہیں سمجھا‘؟
سابق اسپیکر نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم نے وزیر خارجہ کے توسط سے کہلوایا کہ ابھی نندن کو فوری بھارت کے حوالے کرنا ہے، ابھی نندن کی بھارت حوالگی کا فیصلہ سراسر غلط تھا‘۔