کھیل
Time 30 اکتوبر ، 2020

پہلا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے دی

تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا تھا جواب میں زمبابوے کی ٹیم 255 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ون ڈے میچز میں یہ پاکستان کی مسلسل ساتویں فتح ہے۔

پنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنے تو عابد علی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی 19 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے جب کہ امام الحق 58 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان اور افتخار احمد بھی بالترتیب 14 اور 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ حارث سہیل نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی۔

بابر اعظم پہلی بار ون ڈے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان انجری کی وجہ سے پہلے میچ میں شرکت نہیں کرسکے۔

فہیم اشرف اور عماد وسیم کی جانب سے آخری اوورز میں برق رفتار اننگز کھیلی گئی اور دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 23 اور 34 رنز جوڑے جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔

زمبابوے کی اننگز

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی— فوٹو: پی سی بی

زمبابوے نے ہدف کے تعاقب میں شاندار کھیل پیش کیا تاہم آخری چند اوورز میں اچھا کھیل پیش نہ کرسکا۔

زمبابوے کی جانب سے کریک اروائن 41، برینڈن ٹیلر 112 اور ویسلی مادھیویرے نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کو تین میچز میں سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ سیریز کا دوسرا میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :