31 اکتوبر ، 2020
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ گلگت بلتستان کا صوبہ دو اور حق دو کا مطالبہ پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب نیشنل سیکیورٹی والے بھی جیالوں کے پیج پر آگئے ہیں اور اب وہ پیج پر آگئے ہیں تو وہ جماعتیں جو اشاروں پر چلتی ہیں انھوں نے بھی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا کہنا شروع کردیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھاندلی کرنا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عادت ہے، سُنا ہے ان کا ایک وفاقی وزیر ووٹ خریدنے گلگت بلتستان آیا ہے لیکن یہاں کے عوام سے کہوں گا کہ پیسے لیں ضرور لیکن ووٹ پیپلزپارٹی کو دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ غذر کے عوام نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، جب غذر کے عوام نے شہادتیں دیں تو ان کا حق ہے کہ ان کی قسمت کا فیصلہ وہ خود کریں۔
ان کا کہنا تھاکہ ملک کا ہر طبقہ احتجاج کررہا ہے، تاریخی بے روزگاری ہے، موجودہ حکومت نے غربت، بے روزگاری میں اضافہ کیا، کسی صوبے میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا، ہم عوام کو ریلیف دیتے ہیں اور یہ تکلیف دیتے ہیں، یہ صرف امیروں کوریلیف دیتے ہیں۔
بلاول کا کہنا تھاکہ آپ کو صوبہ اب تک نہیں دیا لیکن آپ کے وسائل پر ابھی سے قبضہ کرنا چاہتے ہیں، 15 نومبر ہماری تحریک کا اور حق ملکیت کے امتحان کا دن ہے۔