کھیل
Time 31 اکتوبر ، 2020

علیم ڈار ایک اور عالمی اعزاز حاصل کرنے کے قریب

علیم ڈارکے پاس اس وقت سب سے زیادہ 132ٹیسٹ میں امپائرنگ کا اعزاز بھی موجود ہے،فوٹو: فائل 

کرکٹ کی دنیاکے نامور امپائر  پاکستان کے علیم ڈار ایک اور  عالمی اعزاز حاصل کرنے کے قریب ہیں۔

 علیم ڈار پاکستان اور زمبابوےکے درمیان کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں فیلڈ امپائر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔

کل ہونے والا میچ علیم ڈار کا 210 واں ایک روزہ میچ ہوگا اور وہ جنوبی افریقی امپائر روڈی کرٹزن کا 209 میچ  سُپروائز کرنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیں گے۔

52 سالہ سابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر علیم ڈار نے سال 2000ء میں گوجرانوالا میں ہونے والے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ میچ میں پہلی بار فیلڈ امپائر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دیے تھے۔

 واضح رہے کہ علیم ڈار کے پاس اس وقت سب سے زیادہ 132 ٹیسٹ میں امپائرنگ کا اعزاز  بھی موجود ہے جوکہ انہوں نے گذشتہ سال ہی سابق ویسٹ انڈین امپائر اسٹیو بکنر کا 129 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے کا ریکارڈ توڑکر حاصل کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی میچوں میں علیم ڈار 46 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پہلے نمبر پر پاکستان ہی کے احسن رضا ہیں جنہوں نے 49 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔

مجموعی طور پر علیم ڈار نے387 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی ہے جوکہ دنیا میں کسی بھی کرکٹ امپائر سے زیادہ ہے۔

علیم ڈار کا امپائرنگ کیریئر بہت شاندار رہا ہے جس میں ان کے بیشتر درست فیصلے مثال کے طور پر پیش کیےجاتے رہے ہیں۔

'کیرئیرکے آغاز میں سوچا بھی نہیں تھاکہ یہاں تک پہنچوں گا'

اس حوالے سے علیم ڈارکاکہنا ہے کہ ان کےلیے یہ ریکارڈ اعزاز کی بات ہوگی، امپائرنگ کیریئرکے آغاز میں سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ یہاں تک پہنچیں گے۔

علیم ڈار کا کہنا ہےکہ وہ اس دوران فیلڈ میں رہ کر خوب لطف اندوز ہوئے اور اس دوران سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رہا۔

انہوں نے خود پر اعتماد کرنے اور موقع دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

مزید خبریں :