31 اکتوبر ، 2020
وفاقی حکومت نے یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو و بدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزرات خزانہ کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 102 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 84 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 103 روپے 22 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی موجودہ قیمت 65 روپے 29 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہے۔
وزرات خزانہ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا۔
خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کیا تھا اور قیمتیں برقرار رکھیں تھیں۔