Time 01 نومبر ، 2020
پاکستان

پاکستان نے پلوامہ حملے میں ملوث ہونے کا بھارتی وزیراعظم کا الزام مسترد کر دیا

پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کی جانب سے پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے اشارے کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروری 2019 میں پلوامہ حملے کا براہ راست فائدہ بی جے پی حکومت نے اٹھایا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کی قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، وفاقی وزیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی طرف سے بھارت کو منہ توڑ جواب کا حوالہ دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر نے 26 فروری کو ناکام بھارتی مہم جوئی کے منہ توڑ جواب کا ذکر کیا تھا، اپنی کمزوریوں اور ناکامیوں کا الزام پاکستان پر لگانا بی جے پی قیادت کی خصلت ہے، پاکستان مخالف پروپیگنڈا بی جے پی کی انتخابی مہم کا حصہ رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ حملے اور پاکستان مخالف انتخابی مہم کے بعد بی جے پی کو لوک سبھا میں بڑی کامیابی ملی۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکا، بی جے پی اپنی ملکی سیاست خصوصاً الیکشن میں پاکستان کو گھسیٹنا بند کرے۔

مزید خبریں :