Time 01 نومبر ، 2020
پاکستان

طالبان سے ڈراکر وزیرداخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کے بخیے ادھیڑ دیے: ترجمان بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھرکا کہنا ہےکہ سیاسی مخالفین کو طالبان سے ڈراکر وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اعجاز شاہ نے نیشنل ایکشن پلان کے بخیے ادھیڑ دیے۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نےکہاکہ وزیر داخلہ اور دیگر وزرا کے غیرذمہ دارانہ بیانات فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کے لیے مشکلات کھڑی کر دیں گے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھرکاکہنا ہےکہ دنیا ہم پر جو الزامات لگاتی ہے، وزرا اپنے عمل سے انہی الزامات کی تصدیق اور تائیدکردیتے ہیں۔

 ان کاکہنا تھاکہ ثابت ہوگیاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے مبینہ قاتلوں میں اعجاز شاہ کا نام درست لیا تھا،غداری کا یہ چورن اب نہیں بکےگا، قوم اعجاز شاہ اور ان کے سرپرست سلیکٹڈ کا محاسبہ کرے گی۔

خیال رہےکہ گذشتہ دنوں وفاقی وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھاکہ جب عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) نے طالبان کی مخالفت کی تو انہوں نے ردعمل میں میاں افتخار کے بیٹے کو مار دیا اور بلور خاندان کو بھی نشانہ بنایا۔

 انہوں نےکہا کہ آج ن لیگ کا بھی وہی بیانیہ ہے اور وہ ان لوگوں کےلیے دعاگو ہیں،  پاک فوج کے خلاف بولنے والوں کو بھارت چلے جانا چاہیے۔

مزید خبریں :