دنیا
Time 02 نومبر ، 2020

نگورنو کاراباخ پر آخر تک لڑیں گے: صدر آذربائیجان

فائل فوٹو: صدر آذربائیجان

آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے نگورنو کاراباخ کے معاملے پر آخر تک لڑنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر الہام علییف نےکہا کہ اگر نگورنو کاراباخ سمیت دیگر علاقوں سے دستبرداری کے لیے آرمینین افواج کے ساتھ مذاکرات کے نتائج کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام ہوتے ہیں تو آذربائیجان کی افواج آخری تک لڑیں گی۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ آذربائیجان کے صدر اور ترک وزیر خارجہ کے درمیان اتوار کے روز ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں الہام علییف کا کہنا تھا کہ آرمینیا کے پاس اس معاملے میں روس کے فوجی اڈے سے معاونت کی درخواست کی کوئی بنیاد موجود نہیں۔

آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ وہ اس مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں جس کا نتیجہ آرمینیا فوج کی دستبرداری کی صورت میں ہو، بصورت دیگر ہم کسی بھی قیمت پر اپنی علاقائی خودمختاری کو بحال کریں گے اور آخر تک جائیں گی۔

آذربائیجان کے صدر کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نگورنو کاراباخ کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان جاری لڑائی کو تقریباً 6 ہفتے گزر چکے ہیں جب کہ دونوں فریقین ایک دوسرے پر نئے حملوں کے الزامات عائد کررہے ہیں۔

نگورنو کاراباخ کے حکام نے الزام عائد کیا ہےکہ آذربائیجان اس کے سویلین علاقوں سمیت عسکری مقامات کو نشانہ بنارہا ہے اور رات کے اوقات میں میزائل حملے کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب آذربائیجان کی وزارت دفاع نے عام آبادی کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ آرمینیا کی افواج سرحد پر موجود ہماری فورسز کو نشانہ بنارہی ہیں جب کہ سرحد کے قریب آبادی سمیت تارتار اور دیگر علاقوں پر بھی شیلنگ کی گئی۔

مزید خبریں :