کاروبار
Time 02 نومبر ، 2020

پاکستان میں موٹرسائیکل کی قیمت میں سال میں چوتھی بار اضافہ

مجموعی طور پر کمپنی رواں برس بائیک قیمتوں میں 12 ہزار روپے کا اضافہ کرچکی ہے— فائل: فوٹو

جاپانی کمپنی پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (PSMC)کی جانب سے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں ایک بار  پھر  اضافہ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں برس کمپنی کی جانب سے بائیک قیمتوں میں چوتھی مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق سال قیمتوں میں پہلی مرتبہ اضافہ (3 ہزار روپے کا) جنوری، دوسری مرتبہ 3 ہزار روپے کا اضافہ جولائی، تیسری مرتبہ 3 ہزار کا ہی اضافہ چند ماہ پہلے اور چوتھی مرتبہ بھی 3 ہزار کا مزید اضافہ رواں ماہ دیکھنے میں آیا۔

مجموعی طور پر کمپنی رواں برس بائیک قیمتوں میں 12 ہزار روپے کا اضافہ کرچکی ہے۔

اس سے قبل کارساز کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ مقامی کرنسی کی قدر میں کمی اور کورونا وبا کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں کمی جیسے مسائل کو ٹھہرایا گیا تھا۔

تاہم لاک ڈاؤن میں نرمی، کاروبار اور روپیہ کی قدر میں اضافے کے باوجود بائیک کی قیمتوں میں چوتھی بار اضافہ دیکھنے میں آیا ۔

خیال رہے کہ پاک سوزوکی کو 2020 کی تیسری سہ ماہی میں بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے جو کمپنی کا لگاتار 8واں سہ ماہی خسارہ ہے۔

پاکستان آٹوموٹِو مینوفیکچر ایسویسی ایشن کی جانب سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق ، پی ایس ایم سی کو گزشتہ دو ماہ سے سال بہ سال بنیاد پر فروخت میں کمی کا سامنا ہے۔

ماہ ستمبر میں سوزوکی کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کار (کلٹس) کی فروخت میں بھی گزشتہ سال ستمبر کی نسبت 29 فیصد جبکہ سال بہ سال کی بنیاد پر 44 فیصد کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

مزید خبریں :