کاروبار
Time 03 نومبر ، 2020

ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر میں مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ستمبر کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں مہنگائی کی شرح 9.04 فیصد تھی جو اکتوبر میں معمولی کمی کے ساتھ8.91 فیصد ہوگئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق چینی پر نوٹس لینے اور کمیشن بننے کے باوجود الٹا اثر ہوا اور پہلے سے مہنگی چینی اکتوبر کے مہینے میں مزید 4.54 فیصد مہنگی ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں گندم 8.39 فیصد اور گندم کی مصنوعات 8 فیصد مہنگی ہوئیں جب کہ پہلے سے مہنگا آٹا بھی اکتوبر میں 4 فیصد اور مہنگا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں ٹماٹر 48 فیصد اور  پیاز 39 فیصد مہنگی ہوئی ہے جب کہ اکتوبر میں چکن 26.6، انڈے 23.8 فیصد اور مسالہ جات 38.5 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 4 ماہ میں ٹماٹر کی قیمت میں 52 فیصد اور گندم کی قیمت میں 41.9 فیصد اضافہ ہو گیا ہے جب کہ 4 ماہ میں مونگ کی دال 40.5 فیصد مہنگی ہو گئی ہے۔

جولائی سے اکتوبر تک لوبیا 38.2 فیصد، دال ماش 34.4 فیصد، دال مسور 20.8 اور گھی 17.5 فیصد مہنگا ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 4 ماہ میں چینی 25.9 جب کہ آٹا 21.2 فیصد مہنگا ہو گیا ہے۔ 

مزید خبریں :