پاکستان
Time 18 اکتوبر ، 2020

ملک بھر میں مہنگائی بے قابو، عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا

حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابوپانےکے اعلانات تو کیے جارہے ہیں مگر ملک بھر میں مہنگائی بے لگام ہوچکی ہے اور  اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جارہی ہیں۔ 

عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوگیا ہے، لاہور میں چکی کا آٹا مزید چار روپے مہنگا ہوکر 80 روپے فی کلو تک پہنچ گیا، کراچی میں 10کلو آٹے کے بھاؤ 800 روپے تک پہنچ گئے ہیں جب کہ فیصل آباد اور ملتان میں چکی کا آٹا70 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔

 ملتان میں انڈے 200 روپے فی درجن تک پہنچ گئے ہیں جب کہ کوئٹہ میں بھی انڈے، دودھ اور سبزیوں کی مہنگے داموں فروخت سے شہری پریشان ہیں۔

اسلام آباد میں ٹماٹر 150 روپےکلو، مرچ 140 روپے کلو، آلو 100 روپےکلو اور ادرک 1200 روپےکلو پر پہنچ گئے ہیں، چینی سو روپےکلو اور آٹا 80 روپےکلو تک عوام کو مل رہاہے جب کہ یوٹیلٹی اسٹورزپر تو آٹا،چینی ناپید ہوچکا ہے ۔

دوسری جانب اتوار بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

حکومتی اعلانات اور  اقدامات کے دعوے اپنی جگہ لیکن اشیائےخوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہورہی ہیں اورعوام حکمرانوں سے مایوس نظر آتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس دور میں غریب آدمی سبزیاں بھی خریدنے کے قابل نہیں رہا۔

عوام کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ روزمرہ کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کرکے ریلیف  فراہم کیا جائے تاکہ غریب آسانی سے اپنی زندگی بسرکر سکے۔

مزید خبریں :