دنیا
Time 03 نومبر ، 2020

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشتگرد حملے، 4 افراد ہلاک

فوٹو: اے ایف پی

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشتگردوں کے حملے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ پولیس نے ایک حملہ آور کو مار ڈالا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ دہشتگردوں نے ویانا شہر کے مرکزی علاقے میں 6 مقامات پر حملے کیے جس کے نتیجے میں اب تک 4 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ویانا کے میئر کا کہنا ہےکہ شہر میں حملے مقامی وقت کے مطابق پیر کی رات 8 بجے ہوئے اور متعدد مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

آسٹریا کے چانسلر نے واقعے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں مارے جانے والے ایک دہشتگرد کا تعلق داعش سے ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ انہیں ایک اور دہشتگرد کی تلاش ہے جو تاحال مفرور ہے جب کہ اس کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

آسٹریا کے وزیر داخلہ کا کہنا ہےکہ دارالحکومت کے مرکز میں ہونے والے حملے میں کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ پہلے علاقے میں کچھ دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد گولیاں چلنے کا اندازہ ہوا جب کہ حملہ آوروں نے آٹومیٹک اسلحے کا استعمال کیا اور پولیس کے آنے سے پہلے اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے۔

حکام نے حملے کے بعد آئندہ ایک ہفتے تک شہر میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :