03 نومبر ، 2020
کراچی پولیس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کے خلاف مزار قائد پر نعرے لگانے کے کیس کا چالان عدالت میں جمع کرادیا۔
کراچی میں کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تاہم وہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔
ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں پشاور کی عدالت میں پیش ہونا ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکے۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرایا۔ چالان کے مطابق مزار قائد پر توڑ پھوڑ ہوئی ہے نہ ہی کسی بھی قسم کے اسلحہ کی نمائش کی گئی ہے جبکہ دھمکیاں بھی نہیں دی گئیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق مدعی مقدمہ کو کئی بار طلب کیا گیا لیکن انہوں نے بیان بھی نہیں دیا جبکہ مریم نواز کیخلاف کوئی شواہد موصول نہیں ہوئے۔
پراسیکیوٹر نے چالان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تفتیشی افسر نے قائد اعظم ایکٹ کے متعلق کوئی منظوری نہیں لی اور مزار کے ایڈمنسٹریٹر غلام اکبر کا بیان بھی قلمبند نہیں کیا گیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو اعتراضات دور کرنے کیلئے تین روز کی مہلت دے دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے مزارِ قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا جنہیں بعد ازاں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔