05 نومبر ، 2020
لاہور میں کسانوں کےدھرنے میں مبینہ طور پر پولیس سے جھڑپ میں زخمی ہونے والے کسان رہنما جناح اسپتال میں دم توڑ گئے۔
صدر کسان اتحاد چوہدری انور کے مطابق زخمی کسان رہنما ملک اشفاق جناح اسپتال میں دم توڑ گئے ہیں، ملک اشفاق دھرنےکے دوران مبینہ طور پر پولیس سے جھڑپ میں زخمی ہوئے تھے۔
چوہدری انور نے بتایا کہ ملک اشفاق فنانس سیکرٹری کسان اتحاد ضلع وہاڑی تھے، وہ کیمیکل ملے پانی اور شیلنگ کے باعث جاں بحق ہوئے۔
صدر کسان اتحاد نے مطالبہ کیا ہے کہ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کو ہٹایا جائے اور وزیراعلیٰ پنجاب اس واقعے کا نوٹس لیں۔
ادھر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس انعام غنی نے واقعےکی رپورٹ سی سی پی او سے مانگ لی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی پر کسان بورڈ نے احتجاج کا فیصلہ ملتوی کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ کا کہنا ہے کہ کسان بورڈ کی سفارشات کو پنجاب کی زرعی پالیسی میں شامل کیا جائے گا۔ کسانوں سے متعلق اہم فیصلوں میں کسان بورڈ کے نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
کسان بورڈ کے رہنماؤں نے وزیر قانون پنجاب بشارت راجہ سے ڈی سی آفس میں مذاکرات کیے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بشارت راجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار خود بھی ایک کسان ہیں، ان سے بہتر اپنے کسان بھائیوں کے مسائل کو کون سمجھ سکتا ہے۔کسان بھائی حکومت پر اعتماد کریں اور احتجاج کے ذریعے عوام کے لیے مشکلات پیدا نہ کریں۔ کسانوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔