06 نومبر ، 2020
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اور ان کی اہلیہ طوبیٰ عامر بھی عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کی زد میں آگئے۔
عامر لیاقت حسین اور ان کی اہلیہ طوبیٰ عامر نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
عامر لیاقت حسین نے ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ‘میں اور میری اہلیہ کورونا وائرس کی زد میں آگئے ہیں‘۔
عامر لیاقت حسین نے اپنی ٹوئٹ میں قرآن پاک کی ایک آیت بھی شیئر کی اور بتایا کہ ادرک، لہسن، کلونجی، کالی مرچ، لونگ اور دار چینی بیماری میں مدد گار ثابت ہو رہی ہے۔
علاوہ ازیں عامر لیاقت حسین نے اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔
دوسری جانب عامر لیاقت حسین کی اہلیہ طوبیٰ عامر نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔
طوبیٰ عامر نے بتایا کہ ’عامر لیاقت اور میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ہم دونوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں آپ سب کی دعاؤں کی بہت ضرورت ہے، اللہ پاک ہمیں جلد صحتیابی عطا فرمائے آمین‘۔
خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظر مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 800 سے تجاوز کر چکی ہے۔