06 نومبر ، 2020
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں حقائق بتائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی واقعہ کے بعد نواز شریف کی بات کی تائید کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جو اظہار نواز شریف نے کیا تھا وہ کہانی کی بنیاد پر نہیں تھا بلکہ حقائق تھے، نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں جو کہا تھا وہ ہمارے حکومتی تجربات ہیں، جو تجربات ہمارے ہیں وہ پیپلز پارٹی کے نہیں ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ یہ چیئرمین پیپلز پارٹی کی ذاتی رائے ہے، لیکن نواز شریف جو بتا رہے ہیں وہ حقائق پر مبنی ہے، اس حقیقت کے گواہ قائد نواز شریف خود اور پاکستان کے عوام ہیں۔
خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ پی ڈی ایم جلسے میں فوجی قیادت کا نام لینا نواز شریف کا اپنا فیصلہ تھا، مجھے بھی نواز شریف کی تقریر سن کر دھچکا لگا۔