Time 06 نومبر ، 2020
پاکستان

بلاول کا نواز شریف پر عدم اعتماد پی ڈی ایم بیانیہ ایک نہ ہونے کا ثبوت ہے: شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بلاول کا بیان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا بیانیہ ایک نہ ہونے کا واضح ثبوت ہے، بلاول نے نواز شریف پر عدم اعتماد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا پی ڈی ایم ذاتی مفاد اور اقتدار پرستوں کی بیٹھک ہے۔

31 دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے: شیخ رشید

علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا ردعمل میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی جلسے میں نواز شریف کو تقریر نہیں کرنے دی تھی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ الگ الگ پارٹیاں ہیں اور دونوں ہی گلگت بلتستان ( جی بی) میں ووٹ مانگ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ فضل الرحمان نے پتےکی بات کی تھی کہ ہم نے پی ڈی ایم کو کراچی میں ڈوبنے سے بچالیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک آدمی کو گرانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں اور جی بی میں حکومت بنانے کیلئے مدمقابل ہیں لیکن 31 دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے، یہ صبر اور برداشت والی لڑائی ہے، یہ مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور مشتعل ہی نہیں ہونا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈائیلاگ بند ہونے سے پاکستانی سیاست میں بحران پیدا ہوتا ہے، ڈائیلاگ بند ہونے سے سیاست بند گلی میں داخل ہوجاتی ہے اور  غیر متوقع نتائج سامنے آتے ہیں۔

 ن لیگ کابیانیہ پی ڈی ایم کابیانیہ نہیں: ترجمان سندھ حکومت

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ  وہاب کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا انٹرویو پورا پڑھنے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم بیانیہ یہی تھا کہ سیاست کا کام سیاسی جماعتوں کا ہے، اس میں کوئی دخل اندازی نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کابیانیہ پی ڈی ایم کابیانیہ نہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں فوجی قیادت کا نام لینا مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا اپنا فیصلہ تھا۔

مزید خبریں :