کاروبار
Time 07 نومبر ، 2020

باسمتی چاول پر بھارتی دعویٰ ناکام بنانے کیلئے پاکستان کا جواب تیار

بریانی پلیٹ— یوٹیوب اسکرین گریب

اسلام آباد: باسمتی چاول کے برانڈ حقوق حاصل کی بھارت کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پاکستان نے اپنا تفصیلی جواب یورپی کمیشن میں پیش کرنے کے لیے تیار کر لیا ہے۔

روزنامہ جنگ کی ایک خبر کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے پاکستان نے 10 دسمبر کو اپنے دفاع کے لیے تفصیلی جواب تیار کر لیا ہے جس میں بھارتی مؤقف کو مکمل طور پر مسترد کر دیا جائے گا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس حوالے سے فیصلہ ایک سال کے اندر سامنے آجائے گا۔

مشیر تجارت نے کہا کہ باسمتی چاول پر بھارتی دعویٰ ثابت ہونا ناممکن ہے۔ اٹارنی جنرل نے یقین دلایا ہے کہ یورپی یونین کمیشن میں پاکستانی مؤقف کے دفاع لیے اچھے وکیل کی خدمات فراہم کردی جائیں گی۔ 

مشیر تجارت کا کہنا ہے کہ وہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ (اے پی ٹی ٹی اے ) پر نظر ثانی کے لیے بات چیت کی غرض سے 16 نومبر سے افغانستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تین سے چار ماہ میں ٹرانزٹ ٹریڈ پر نظر ثانی کا سمجھوتہ طے پا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اشیا کی واپس اسمگلنگ بڑا مسئلہ ہے۔

امریکی انتخابات کے بعد مارکیٹ تک رسائی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ امریکا میں نئی حکومت کو قدم جمانے میں کچھ وقت لگے گا لیکن امریکی حکومت سے مارکیٹ تک رسائی حاصل کر نا آسان نہیں ہوگا تاہم پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید خبریں :