دنیا
Time 08 نومبر ، 2020

امریکی انتخابات میں جوبائیڈن کی فتح: عالمی سطح پر کس نے کیا کہا؟

فوٹو: اے ایف پی

امریکا کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے ناقابل شکست برتری اور  امریکا کے 46 ویں صدر منتخب ہونے پر عالمی رہنماؤں اور مشہور شخصیات کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

آئیے جانتے ہیں بائیڈن کو امریکہ کے نئے صدر منتخب کیے جانے پر عالمی سطح پر کس نے کیا بیان دیا۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان

نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو امریکا کے 46 ویں صدر بننے پر مبارکبار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ غیر قانونی ٹیکس جنّتوں کے خاتمے اور افغانستان میں امن کے قیام کے لیے جوبائیڈن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے جوبائیڈن کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کمالا ہیرس کی جیت کو ناقابل فراموش کامیابی قراد دیا۔

نریندر مودی نے ٹویٹ کیا کہ براک اوباماکی ماتحتی میں بطور نائب صدر بائیڈن نے انڈیا اور امریکا کے تعلقات مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم بھارت اور امریکا کے تعلقات کو ایک بار پھر بلندیوں پر دیکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔


وزیراعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے نومنتخب امریکی صدر اور نائب صدر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ وہ واقعی ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

جسٹن ٹرڈو نے ٹویٹ کیا کہ دونوں ممالک بطور قریبی دوست، شراکت دار اور اتحادی عالمی سطح پر ایک منفرد رشتے سے منسلک ہیں۔

ان کا مزید کہناتھا کہ میں مستقبل میں بھی آپ دونوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور اس تعلق کو قائم دیکھنے کا منتظر ہوں۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی

امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے بائیڈن اور کمالا ہیرس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا وہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں۔

شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ٹویٹ میں جوبائیڈن اور کمالا ہیرس کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہماری نیک خواہشات امریکی عوام کے ساتھ ہیں اور ہم دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور قریبی تعلقات مستحکم بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

نائب صدر  ایران اسحاق جہانگیری

ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری کا نومنتخب امریکی صدر کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ جوبائیڈن کی متوقع جیت کے بعد تباہ کن امریکی پالیسیوں میں تبدیلی کی امید کرتے ہیں۔

اسحاق جہانگیری نے ٹویٹ کیا کہ ہم تباہ کن امریکی پالیسیوں میں تبدیلی کے ساتھ امریکا میں قانون کی حکمرانی، بین الاقوامی ذمہ داریوں اور قوموں کے احترام کی واپسی کی امید رکھتے ہیں۔

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون

فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کا نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکی صدر کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔

فرانس کے صدر نے ٹویٹ کیا امریکی عوام نے اپنے صدر کا انتخاب کر لیا ہے جس پر بائیڈن اور کمالا ہیرس کو مبارکباد، موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہمارے پاس کرنے کو بہت کچھ ہے تو آئیے مل کر کام کریں۔

مزید خبریں :