پاکستان
Time 09 نومبر ، 2020

مریم نواز کی گلگت بلتستان میں شہید لالک جان نشان حیدر کے مزار پر حاضری

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نےگلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران کارگل جنگ کے شہید لالک جان نشان حیدر کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

مریم نواز نےگلگت بلتستان کے علاقے یاسین کا دورہ کیا اورکارگل جنگ میں شہید ہونے والے پاک فوج کےحوالدار لالک جان شہید کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں مریم نواز نے یاسین میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوازشریف نے آپ کی ترجمانی کرتے ہوئے یاسین اور گوپِس کو ضلع کا درجہ دیا اس کے فنڈز بھی جاری ہوئے، نوٹیفکیشن بھی ہوئے لیکن یہ جعلی حکومت اس میں بھی رخنہ ڈال کے بیٹھ گئی ہے، ان کے نصیب میں آپ کی خدمت کرنا نہیں لکھا۔

مریم نواز کاکہنا تھا کہ مہنگائی نے ملک اُجاڑ دیا ہے اور آپ کہتے ہو گھبرانا نہیں، آپ تو نہیں گھبراتے کیونکہ آپ کا کچن اور گھر دوسرے لوگ چلاتے ہیں لیکن اِن لوگوں نے محنت مزدوری کرکے اپنے بچے پالنے ہیں، آپ کی طرح امیر لوگوں کی جیبوں میں ان کے ہاتھ نہیں ہیں۔

مزید خبریں :