Time 10 نومبر ، 2020
پاکستان

مریم نواز پر ذاتی حملے، بلاول کی علی امین گنڈاپور پر شدید تنقید

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کی جانب سے مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز پر ذاتی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز ان دنوں گلگت بلتستان میں موجود ہیں جہاں وہ انتخابی مہم زور و شور سے چلا رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مریم نواز پر ذاتی حملے کیے تھے جس کی سیاسی اور عوامی حلقوں نے سخت مذمت کی تھی۔

اب بلاول بھٹو زرداری نے بھی وفاقی وزیر کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ گزشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع نگر میں جلسہ عام سے خطاب میں وفاقی وزیر پر تنقید کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ جب ہار نظر آتی ہے تو یہ لوگ گالی پر اتر آتے ہیں اور دھاندلی کی کوشش کرتے ہیں، ہر جگہ اپنے گندے وزیر کو بھیج کر گندی زبان استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نگر کی عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مریم نواز آپ کی مہمان ہے اورشاید ان کا گلگت کا پہلا سیاسی دورہ ہے اور گندا وزیر اپنی گندی زبان عورتوں کے خلاف استعمال کررہا ہے، کیا یہ آپ کی زبان اور ثقافت کا حصہ ہے؟

اس پرجلسے میں موجودعوام نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسکردو میں جلسے سے خطاب میں وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ آن ریکارڈ کہتا ہوں، مریم خوبصورت ہے، میں بھی مانتا ہوں لیکن اس خوبصورتی کے اوپر نواز شریف کی حکومتوں میں آپ کا کروڑوں روپیہ لگ چکا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مریم نے نواز شریف کی دو حکومتوں میں ٹیکس کے پیسوں سے خود کو خوبصورتے بنانے کیلئے کروڑوں روپے کی سرجریاں کرائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’مریم کی یہ خوبصورتی بھی آپ کی دی ہوئی ہے اور یہ آپ کا مال ہے‘۔

مزید خبریں :