12 نومبر ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا۔
یونس خان نے پہلی مرتبہ دورہ انگلینڈ میں بیٹنگ کوچ کی حثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں تھیں اور اس وقت ان کا معاہدہ صرف دورہ انگلینڈ کے لیے تھا لیکن اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کو طویل مدت کے لیے ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان کیا ہے۔
یونس خان کی تقرری کم از کم آ ئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 تک کی گئی ہے اور یونس خان کی پہلی اسائنمنٹ دورہ نیوزی لینڈ ہے۔
پی سی بی نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ یونس خان جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے تو وہ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔
چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم از کم دو برسوں کے لیے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے، مختصر دورہ انگلینڈ میں یونس خان کے حوالے سے فیڈ بیک شاندار ملا تھا۔
انہوں نے کہا کہ محمد یوسف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کام کر رہے ہیں، اس طرح پی سی بی کے پاس اب دو بہترین کرکٹرز کی خدمات موجود ہیں جو ہمارے بیٹسمینوں کے مستقبل کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔
سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہوں، ایک مرتبہ پھر دورہ نیوزی لینڈ میں انہی لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے جن کے ساتھ انگلینڈ میں کام کیا اور بہت لطف اندوز ہوا تھا۔
یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10099 جب کہ 265 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹونٹی میچز میں 442 رنز اسکور کئے۔
پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے سب سے زیادہ سنچریاں 34 اسکور کیں، ان کا بہترین اسکور 2009 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313 رنز تھا۔
یونس خان آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان ٹیم کے کپتان بھی تھے۔
درِیں اثنا پی سی بی نے سابق ٹیسٹ اسپنر ارشد خان کو قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کر دیا ہے، وہ پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچز کے بعد اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
منصور رانا (مینیجر)، مصباح الحق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ کوچ)، وقار یونس (بولنگ کوچ)، یونس خان (بیٹنگ کوچ)، عبد المجید (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ابراہیم بادیس (ٹیم اینڈ سوشل میڈیا منیجر)، ملنگ علی (ٹیم مساجر)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، طلحہ اعجاز بٹ (ٹیم اینالسٹ)، کرنل (ر) عثمان انوری (سیکیورٹی منیجر) اور یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)