دنیا
Time 13 نومبر ، 2020

امریکی الیکشن حکام نے ٹرمپ کا دھاندلی کا دعویٰ مسترد کردیا

امریکا کے وفاقی الیکشن حکام نے انتخابات میں ٹرمپ کا دھاندلی کا دعویٰ مسترد کردیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی وفاقی الیکشن حکام نے 2020 کے صدارتی انتخابات کو امریکی تاریخ کے سب سے محفوظ ترین الیکشن قرار دیا ہے۔

الیکشن کمیٹی کا کہنا ہےکہ ووٹنگ سسٹم پر سمجھوتے، ووٹوں کی تبدیلی، ووٹ ڈیلیٹ ہونے یا کھوجانے کے کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کاسٹ کیے گئے 20 لاکھ سے زائد ووٹ ڈیلیٹ کردیے گئے جب کہ ان کی جانب اس کے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔

امریکی صدر کے دعوے کے بعد الیکشن انفرا اسٹرکچر گورنمنٹ کوآرڈینیشن کونسل کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔

اس کونسل میں امریکی قومی سلامتی کے سینئر حکام، امریکی الیکشن کمیشن کے حکام اور وہ سرکاری حکام شامل ہیں جنہوں نے انتخابی عمل کی نگرانی کی۔

مشترکہ بیان میں 3 نومبر 2020 کے صدارتی انتخابات کو امریکی تاریخ کے محفوظ ترین انتخابات قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس وقت الیکشن حکام حتمی نتائج سے پہلے ایک بار پھر تمام عمل کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم جانتے ہیں کہ انتخابی عمل کے حوالے سے کئی بے بنیاد دعوے اور غیر مصدقہ خبریں موصول ہوئیں جس کے بعد ہم یہ یقین دہانی کراسکتے ہی کہ ہمارے الیکشن مکمل پر اعتماد اور محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح اکثریت حاصل ہے تاہم اب تک سرکاری سطح پر انتخابی نتائج کا اعلان نہیں ہو سکا ہے۔

ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے لاکھوں ووٹ مخالف کے کھاتے میں ڈالے گئے۔

مزید خبریں :