11 نومبر ، 2020
امریکی صدارتی انتخابات کے اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ناقابل شکست برتری حاصل ہے لیکن اس کے باوجود ٹرمپ کو امید ہے کہ وہ الیکشن جیت جائیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ 'ہم بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، انتخابات کے نتائج اگلے ہفتے آنا شروع ہوں گے'۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'ہم انتخابات جیتیں گے اور امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے'۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی کہا ہے کہ اقتدار کی منتقلی ہموار انداز میں ہو گی لیکن یہ ٹرمپ کی دوسری انتظامیہ کے لیے ہی ہو گی۔
دوسری جانب نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے اقتدار کی ہموار منتقلی سے انکار کے ٹرمپ کے بیان کو رد کر دیا اور بولے کہ ٹرمپ یہ حقیقت تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں کہ ہم جیت گئے ہیں، ٹرمپ کا انکار اُن کی شرمندگی کا اعتراف ہے۔
ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کو مخاطب کر کے کہا کہ صدر صاحب آپ سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے عالمی رہنماؤں کو پیغام میں کہا کہ امریکا واپس آ گیا ہے، امریکا تنہا نہیں، ہم گیم میں واپس جا رہے ہیں، اقتدار کی منتقلی سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
خیال رہے کہ امریکی صدارتی انتخاب کے اب تک سامنے آنے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق جو بائیڈن 290 الیکٹول ووٹس حاصل کیے ہیں جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ 214 ووٹس حاصل کر سکے ہیں۔
ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دیکر امریکا کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں اور یہ قانون کے مطابق 20 جنوری کو حلف اٹھائیں گے۔