14 نومبر ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو اشتہارات سے متعلق ایک تجویز پیش کی۔
شنیرا اکرم سوشل میڈیا پر سماجی مسائل سے متعلق آواز اٹھانے اور بات چیت کرنے میں کافی آگے رہتی ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک اور مسئلے پر آواز اٹھائی ہے۔
سابق کپتان کی اہلیہ نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اپنی ٹوئٹ میں پیمرا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'ذیابیطس کا شکار افراد کے حواالے سے پاکستان دنیا میں چوتھے نمبر پر آتا ہے'۔
شنیرا اکرم نے مزید کہا کہ اگر پیمرا واقعی غیر ذمہ دارانہ مواد پر پابندی عائد کرنا چاہتا ہے تو میں آپ کو تجویز پیش کرتی ہوں کہ جنک کھانے کے اشتہارات کی وجہ سے ہماری عوام پر پڑنے والے اثرات کو دیکھنا شروع کریں۔
وسیم اکرم کی اہلیہ نے ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی کے لیے ایک اور ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ 'پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں کے پکوان بہترین ہیں اور اس بات سے کوئی دو رائے نہیں ہے'۔
انہوں نے کہا کہ لیکن اگر ہم غذائیت سے متعلق بات کریں تو ہم تاریکی کے دور میں جی رہے ہیں اور ہم میں سے بیشتر لوگوں کو یہ پتہ نہیں ہوتا۔
شنیرا کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم یہ جان جائیں کہ ہم اپنے جسم کو کیا غذا کھلا رہے ہیں اور یہ ہمارے جسم میں جا کر کیا کر رہی ہے تو میرے خیال میں پاکستان سے ذیابیطس کی تشخیص کافی حد تک کم ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ آج 14 نومبر کو دنیا بھر میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور اس بیماری سے متعلق عالمی سطح پر آگاہی کو فروغ دیا جاتا ہے۔