Time 14 نومبر ، 2020
دنیا

دسمبر تک کورونا کی دو ویکسین تیار کرلیں گے: ٹرمپ کا دعویٰ

صدارتی انتخاب میں مکمل نتائج آنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال کے آخر تک کورونا کی 2 ویکسین تیار کرلیں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے 5 گنا تیزی سے کورونا کی ویکسین بنائی ہے اور چند ہفتوں میں دو ویکسین تیار ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین بہت محفوظ اور مؤثر ہے اور یہ سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز، عمر رسیدہ افراد کو دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین اپریل تک وسیع پیمانے پر عوام کیلئے دستیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث امریکا میں دوبارہ لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا۔

امریکی صدر سے پریس کانفرنس کے دوران انتخاب میں شکست سے متعلق سوالات پوچھے گئے لیکن وہ جواب دیے بغیر چلے گئے۔

دوسری جانب امریکی صدر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کورونا ویکسین کی تیاری کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر منصف سلاوی کا کہنا تھا کہ اس وقت 6 کورونا ویکسین پر کام ہورہا ہے جس میں سے 4 کا ٹرائل جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں 2 کروڑ امریکیوں کو کورونا ویکسین دی جائے گی اور اتنی ہی تعداد کو اگلے ماہ ویکسین دیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی دوا ساز ادارے فائزر نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی تیارکی گئی کورونا وائرس کی ویکسین 90 فیصد تک مؤثر ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق فائزر نے دعویٰ کیا ہے جرمن دواساز ادارے بائیون ٹیک کے ساتھ مشترکہ طور پر تیارکی گئی ویکسین اپنے تیسرے آزمائشی مرحلے میں کوروناکو روکنے میں 90 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

مزید خبریں :