16 نومبر ، 2020
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں شٹرڈاؤن اوراسلام آباد مارچ سے متعلق تجاویز پر غور کیاگیا۔
اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل پی ڈی ایم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخارحسین کاکہنا تھاکہ اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی، کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں پاس ہونے والی قرارداد پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں رکھیں گے۔
میاں افتخارکا کہنا تھاکہ اجلاس میں پشاور جلسے سے متعلق بات ہوئی جب کہ شٹرڈاؤن اور اسلام آباد مارچ سے متعلق تجاویز بھی آئیں، ان دونوں کافیصلہ سربراہی اجلاس میں کیاجائےگا۔
ان کاکہنا تھاکہ ہمارے بیانیے میں کوئی تضاد نہیں ہے،اے پی سی کی کچھ شقوں میں اضافہ کیاگیا ہے، ہم آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم کاکہنا تھاکہ عجیب سی بات ہےکہ گلگت بلتستان میں کورونا نہیں تھا، وہاں تو بڑے بڑے جلسے ہوئے اور اب عوامی اجتماع پر پابندی پی ڈی ایم کےلیے لگائی جارہی ہے،ایس او پیز پر عمل درآمد ہونا چاہیے، پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک کو روکا نہیں جاسکتا۔