پاکستان بھی آئندہ برس انگلینڈ کا دورہ کرے گا

— فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال ایک بار پھر انگلینڈ کا دورہ کرے گی جس کے دوران تین ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز کی سیریز  کھیلی جائیں گی۔

دورے کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلش کرکٹ بورڈ کے مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا جس کے تحت پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں ون ڈے سپر لیگ کے 3 میچز کے علاوہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔

یہ 6 سال میں پاکستان ٹیم کا چھٹا دورہ انگلینڈ ہوگا۔ پاکستان ٹیم 2016 سے ہر سال انگلینڈ کا دورہ کر رہی ہے۔ 

2016، 2018 اور 2020 میں دو طرفہ سیریز کے لیے پاکستان ٹیم انگلینڈ گئی جب کہ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی اور 2019 میں ورلڈ کپ کے لیے بھی قومی ٹیم انگلینڈ میں رہی۔ 

2019 میں پاکستان ٹیم نے انگلینڈ سے دو طرفہ وائٹ بال سیریز بھی کھیلی تھی۔

اگلے سال جولائی میں دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستان اور میزبان ٹیم کے درمیان تین ون ڈے میچز 8، 10 اور 13 جولائی کو ہوں گے۔ یہ ون ڈے میچز ون ڈے کارڈف ، لارڈز اور برمنگھم میں ہوں گے جب کہ 3 ٹی ٹوینٹی میچز 16، 18 اور 20 جولائی کو ناٹنگھم، لیڈز اور مانچسٹر میں ہوں گے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم 2016 سے ہر سال انگلینڈ جارہی ہے اب انگلینڈ دوسرے ہوم گراؤنڈ جیسا لگتا ہے، انگلینڈ میں کھیل کر پاکستان ٹیم کے کھیل میں نکھار آتا ہے۔

مزید خبریں :