Time 18 نومبر ، 2020
پاکستان

کورونا کی دوسری لہر، پنجاب کے 6 شہروں اور بلوچستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں جبکہ بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔

کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر پنجاب کے 6 شہروں کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔

ان شہروں میں لاہور، راولپنڈی، بھکر، بہاولپور اور ملتان شامل ہیں۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق زیادہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ، نجی اور سرکاری دفاتربند رہیں گے جبکہ علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہوگی اور انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔

بلوچستان میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن

دوسری جانب کورونا کے بڑھتےکیسز پر حکومت بلوچستان  نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ بلوچستان نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ونجی دفاتر، ٹرانسپورٹ، شاپنگ مالز اور تمام پرہجوم مقامات پر فیس ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے اور ماسک استعمال نہ کرنے پر دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام تفریحی مقامات شام 6 بجے تک بند کردیے جائیں گے جبکہ شاپنگ مالز، شادی ہالز، مارکیٹس اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک بند کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے بڑھتے کیسز والے ہاٹ اسپاٹس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔

اُدھر  آزاد کشمیر میں بھی کورونا لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے اور  سیاحوں کی ریاستی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 2208 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 37 افراد انتقال کرگئے ہیں جس سے اموات کی کُل تعداد 7230 ہوگئی۔

مزید خبریں :