19 نومبر ، 2020
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 36899 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2547 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 18 افراد انتقال کرگئے۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.9 فیصد رہی جب کہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 4 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ ہے۔
کورونا کی پہلی لہر میں 13 جولائی کو پاکستان میں ایک روز کے دوران 2769 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد اب تقریباً 4 ماہ بعد تعداد 2547 پر جاپہنچی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 7248 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 65927 تک جا پہنچے ہیں۔
اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 886 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 158559 ہوگئی ہے جب کہ 2764 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 112284 ہے اور 2519 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16582 اور ہلاکتیں 157 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 43052 اور 1318 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 5690 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 132 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4482 اور 93 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 25278 ہے اور اب تک 265 مریض انتقال کرچکے ہیں۔