20 نومبر ، 2020
خیرپور میں اے ایس آئی بلاول وسان کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد لاش کو گاڑی سمیت جلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
18 نومبر کی رات کو بھرگنی کے قریب سے جلی ہوئی اپنی ڈبل کیبن گاڑی سے اے ایس آئی بلاول وسان کی مکمل جھلسی ہوئی ناقابل شناخت لاش ملی۔
بلاول وسان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اے ایس آئی کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد لاش کو جلایا گیا، بلاول وسان کے دونوں ہاتھ اور ٹانگیں کاٹی گئیں تھیں جب کے اس کی کھوپڑی اور پسلیوں میں بھی فریکچر پایا گیا ہے۔
ملزمان نے لاش کو گاڑی سمیت جلا کر قتل کو حادثے کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق قتل کے شبے میں بلاول وسان کے دو دوستوں کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے، حقائق جلد سامنے آ جائیں گے، گرفتار دوست فراز راجپوت کو گزشتہ روز کراچی سے حراست میں لیا گیا تھا جو گاڑی میں آگ لگنے کے وقت فرار ہوا تھا اور اسے عینی شاہدین نے بھی شناخت کیا تھا۔
فراز راجپوت نے بھی گرفتاری کے بعد تصدیق کی تھی کہ گاڑی سے ملنے والی لاش اے ایس آئی بلاول وسان کی ہے۔