21 نومبر ، 2020
لاہور: تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔
علامہ خادم حسین رضوی چند روز سے بخار میں مبتلا رہنے کے بعد جمعرات کی شب انتقال کر گئے تھے، انہیں طبعیت بگڑنے پر شیخ زاید اسپتال لایا گیا لیکن اسپتال انتظامیہ کے مطابق وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے ان کی بیماری سے متعلق کوئی ہسٹری سامنے نہیں آئی۔
علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی گئی، ان کی نماز جنازہ میں ٹی ایل پی کے کارکنوں اور عقیدت مندوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
سربراہ ٹی ایل پی خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے علامہ سعد حسین رضوی نے پڑھائی۔
علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کے لیے شہریوں کو نقل و حمل میں دشواری سے بچانے کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
مین ملتان روڈ پر اسکیم موڑ سے یتیم خانہ چوک دونوں اطراف کا ٹریفک بند اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی جب کہ ٹریفک کے لیے ڈائیورجن بھی لگائی گئی تھی۔