21 نومبر ، 2020
اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے 150 ملین ڈالرز گرانٹ کی منظوری دے دی جب کہ کورونا ویکسین پہلے مرحلے میں ایک کروڑ ہیلتھ ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو فراہم کی جائے گی۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے 150 ملین ڈالرز گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔
کورونا ویکسین پہلے مرحلے میں ایک کروڑ ہیلتھ ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو فراہم کی جائے گی۔
ای سی سی نے ہدایت کی کہ وزارت صحت ورلڈ بینک سمیت دیگر ڈونرز سے کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے معاونت طلب کرے۔
ای سی سی نے جی ٹوئنٹی ممالک کے قرض کو موخر کرنے کی مدت میں توسیع کی سمری منظور کرلی جس کے مطابق جنوری 2021 سے جون 2021 تک قرضوں کو موخر کیا گیا ہے تاہم معاہدے ہر دستخط کے لیے حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
ای سی سی نے پنجاب کو ٹی سی پی کے ذریعے 3 لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی جب کہ اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 19 ارب 56 کروڑ روپے، وزارت تعلیم کیلئے 50 کروڑ روپے اور این آئی ٹی بی کے لیے 68 کروڑ 33 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دی۔