Time 21 نومبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

زائرہ وسیم نے مداحوں سے اپنی تصاویر ڈیلیٹ کرنے کی اپیل کردی

مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے زائرہ وسیم نے گزشتہ سال اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کیلئے بالی وڈ کو خیرباد کہہ دیا تھا— فوٹو:فائل 

بالی وڈ کو خیرباد کہنے والی دنگل گرل زائرہ وسیم نے مداحوں سے اپنی تصاویر ہٹانے کی اپیل کی ہے۔

مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی زائرہ وسیم نے گزشتہ سال اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کیلئے بالی وڈ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ 

ان کے اس فیصلے پر سخت تنقید بھی کی گئی تھی اور بعد ازاں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کردیے تھے۔

اب حال ہی میں سابقہ اداکارہ نے ایک بار پھر مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 'فین پیجز' سے ان کی تصاویر ہٹا دیں۔

اپنی پوسٹ میں زائرہ کا کہنا تھا کہ زندگی کا نیا دور شروع کرنے کی کوشش کررہی ہوں اور اس موقع پر مداحوں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ میری تصاویر ہٹادیں اور فین پیجز سے بھی ہٹانے کا کہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جانتی ہوں انٹرنیٹ سے تصاویر ہٹانا مشکل ہے لیکن وہ پھر بھی مداحوں سے درخواست کررہی ہیں کہ میری تصاویر شیئر نہ کی جائیں۔ 

یاد رہے کہ زائرہ وسیم نے اپنا فلمی کیریئر 2016 میں فلم ’دنگل‘ سے شروع کیا جس میں انہوں نے عامر خان کی بیٹی کا کردار کیا تھا اور ان کی جاندار اداکاری کو مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔

اس کے بعد اداکارہ نے ایک اور  فلم ’سیکرٹ اسٹار‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا۔ زائرہ وسیم کو ’دنگل‘ میں اداکاری پر بہترین معاون اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا، اس کے علاوہ انہیں کئی فلمی ایوارڈ بھی ملے ہیں۔

مزید خبریں :