21 نومبر ، 2020
ہوم اپلائنسز بنانے والی مشہور کمپنی کے ساتھ آن لائن کروڑوں روپے کا فراڈ ہوگیا۔
ہوم اپلائنسز بنانے والی مشہور کمپنی کے ساتھ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں آن لائن فراڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک گروہ نے کمپنی کے ساتھ آن لائن فراڈ کیا، بظاہر ایسا لگتا ہے کہ ہوم اپلائنسز بنانے والی کمپنی کا سافٹ ویئر ہیک کیا گیا۔
حکام کے مطابق فراڈ میں گروہ کی جانب سے ہوم اپلائنسز خریدے گئے، ہوم اپلائنسز جعلی کارڈز یا جعلی رسیدوں کے ذریعے خریدے گئے اور کمپنی سافٹ ویئر کو مبینہ طور پر ہیک کر کے ادائیگی ہوجانے کی تصدیق کی گئی۔
حکام کے مطابق تصدیق کے بعد ہوم اپلائنسز کمپنی کی جانب سے مہنگے اپلائنسز بتائے گئے پتے پرپہنچائے گئے تاہم جب کمپنی کے اکاؤنٹس چیک کیے گئے تو رقم کبھی منتقل ہوئی ہی نہیں تھی جس کے بعد کمپنی کی جانب سے ایف آئی اے کو شکایت کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں انکوائریز جاری ہیں، تاحال گروہ کا کوئی ملزم گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔