پاکستان
Time 22 نومبر ، 2020

نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر وزیراعظم اور بلاول سیمت سیاسی رہنماؤں کا اظہار تعزیت

سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال پر وزیراعظم پاکستان سمیت دیگر سیاسی قائدین کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے  بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہارکیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، دعاگو ہوں اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق نے نواز شریف کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نہایت نیک سیرت انسان تھیں، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اوراللہ تعالی میاں صاحبان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید کا نواز شریف اور شہبازشریف کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔

بیگم شمیم اختر کے انتقال پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور شریف برادران سمیت تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مزید خبریں :