Time 22 نومبر ، 2020
پاکستان

نواز اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئیں

سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر انتقال کرگئیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی اور  ان کا انتقال لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں ہوا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اخترکے سینے میں شدید انفیکشن ہوگیا تھا، انھیں الزائمر کی بیماری بھی لاحق تھی۔

سابق وزیراعظم کی والدہ کا انتقال لندن میں ہوا جہاں نواز شریف علاج کے لیے موجود ہیں۔  

بیگم شمیم اختر  کے چھوٹے بیٹے شہباز شریف اِس وقت لاہور کی جیل میں ہیں جہاں اُنہیں والدہ کے انتقال کی خبر سے آگاہ کردیا گیا، کوٹ لکھپت جیل میں حمزہ شہباز کو بھی اطلاع پہنچا دی گئی ہے۔

شریف فیملی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں ہی ادا کی جائے گی جبکہ ان کی میت پاکستان بھجوانے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔

نوازشریف والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں جائیں گے: اسحاق ڈار کی تصدیق

سابق نواز شریف کا میت کے ساتھ پاکستان آنے کا کوئی امکان نہیں جس کی تصدیق سابق وزیر خزانہ اور ان کے رشتے دار اسحاق ڈار نے بھی کردی ہے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں جائیں گے، طبی مشورے کے مطابق نوازشریف کو سفر کی اجازت نہیں۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو تدفین کے انتظامات پر مشورے کے لیے شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کا انتظار ہے، نوازشریف کی بیٹی اسما نواز کا میت لے کر پاکستان جانے کاامکان ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت ملکی سیاسی قیادت نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :