دنیا
Time 23 نومبر ، 2020

نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے جان کیری کو اہم عہدہ دے دیا

جو بائیڈن نے اوباما دور میں وزیر خارجہ رہنے والے جان کیری کو صدر کا نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات نامزد کیا ہے— فوٹو: فائل

امریکا کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے باضابطہ طور پر عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی اپنی ٹیم بنانا شروع کردی ہے۔

آج ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے جو بائیڈن نے انٹونی بلنکین کو وزیر خارجہ نامزد کیا جو اقتدار کی منتقلی کے بعد ممکنہ طور پر موجودہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔

اس کے علاوہ جو بائیڈن نے مزید اہم عہدوں پر بھی لوگوں کو نامزد کیا جن میں محکمہ داخلی سلامتی کی وزارت کیلئے کیوبن نژاد امریکی الیجانڈرو مایورکس، قومی سلامتی مشیر کے عہدے کیلئے جیک سلیوین اور اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے لیے سیاہ فام سفارتکا لنڈا تھامس گرین فیلڈ کو نامزد کیا ہے۔

اس کے علاوہ جو بائیڈن نے اوباما دور میں وزیر خارجہ رہنے والے جان کیری کو صدر کا نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات نامزد کیا ہے۔

جان کیری نے 2015 میں ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکا کی قومی سلامتی کونسل کے رکن بھی بن جائیں گے اور یہ پہلا موقع ہے کہ قوم سلامتی کونسل میں موسمیاتی تبدیلی کیلئے بھی ایک رکن کو رکھا گیا ہے جو اس بات کا عکاس ہے کہ انتخابی وعدے کے مطابق جو بائیڈن موسمیاتی تبدیلی کو ایک اہم قومی سلامتی کا مسئلہ سمجھتے ہیں۔

خیال رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن نے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے دی ہے تاہم ٹرمپ نے اب تک شکست تسلیم نہیں کی ہے۔

نئے صدر کی حلف برداری کی تقریب 20 جنوری کو ہوگی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جو بائیڈن کو اقتدار منتقل کردیا جائے گا۔

مزید خبریں :