24 نومبر ، 2020
دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو ممکنہ طور پر تسلیم کرنے کی بے بنیاد قیاس آرائیوں کو قطعی طور پرمستردکردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے بیانات واضح اور غیر متزلزل ہیں، وزیراعظم واضح کرچکے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور فلسطینیوں کے لیے قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ پاکستان قطعی طور پر فلسطینی عوام کے جائز حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے،فلسطین میں دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ضروری ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہےکہ پاکستان1967کی سرحدات اور دارالخلافہ القدس الشریف پرمشتمل آزاد ریاست فلسطین کا حامی ہے۔