27 نومبر ، 2020
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وزیر برائے وومن ڈیویلپمنٹ شہلا رضا کا کہنا ہے کہ بختاور کی منگنی کی تقریب تقریباً گھر کے لوگوں تک ہی محدود ہو گئی ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ’ جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے بتایا کہ منگنی میں بلاول کی شرکت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتی، بلاول ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ہی تقریب میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت کافی خراب تھی لیکن اب بہتر ہے، ممکن ہے آصف زرداری کچھ دیر کے لیے بختاور کی منگنی میں شرکت کریں گے جب کہ میں بختاور کی منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کروں گی۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ بختاور کو سیاست میں دلچسپی نہیں ہے، وہ گھریلو معاملات میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
خیال رہے کہ بختاوربھٹو کی منگنی کی تقریب آج بلاول ہاؤس میں ہوگی لیکن کورونا وبا کے باعث بلاول ہاؤس میں تقریب کی سرگرمیاں ماند پڑنے لگیں کیونکہ بلاول بھٹو کورونا کے باعث بہن کی منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے، وہ گھر کے مخصوص حصے میں قرنطینہ میں ہیں۔
بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کے دعوت نامے پرمہمانوں کو کورونا احتیاطی تدابیراختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور تمام مہمانوں کو تقریب میں شرکت سے 24 گھنٹے قبل کورونا کے منفی ٹیسٹ کی اسکین کاپی بھی بلاول ہاؤس کو فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔