پاکستان
Time 27 نومبر ، 2020

' آصفہ بھٹو زرداری پی ڈی ایم کے ملتان جلسے سے خطاب کریں گی'

ملتان: سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملتان میں ہونے والے جلسے سے خطاب کریں گی۔

بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کی بیٹی اوربلاول کی بہن آصفہ بھٹو  کا پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے یہ پہلا خطاب ہوگا  اور وہ 30 نومبر کو اپنے بھائی کی نمائندگی کریں گی۔ 

پی ڈیم ایم کا اگلا جلسہ 30 نومبر کو ملتان میں ہوگا اور اسی روز پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس بھی ہے۔

تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والے اس جلسے میں شرکت نہیں کریں گے تاہم انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کا اعلان کیا ہے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 30 نومبر کو پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے، اس روز آصفہ بھٹو زرداری بھی ملتان آئیں گی اور پی ڈی ایم کے ملتان جلسے سے خطاب کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کررہی ہے، 30نومبرکوجلسہ ہرصورت ہوگا اور  آصف علی زرداری بھی وڈیو لنک پر جلسے سےخطاب کریں گے۔

مزید خبریں :