Time 30 نومبر ، 2020
پاکستان

قومی ائیرلائن کو اپنوں کے علاوہ غیروں نے بھی لاکھوں کا چونا لگایا

فوٹو: فائل

قومی ائیرلائن کو صرف اپنوں نے ہی نہیں بلکہ غیروں نے بھی چونا لگایا ہے، پی آئی اے کو مالی نقصان پہنچانے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 2 غیر ملکیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل عبدالرؤف شیخ کے مطابق قومی ائیرلائن کو مالی نقصان پہنچانے پر ایف آئی اے میں دو غیر ملکیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمے میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز  (پی آئی اے) کے سابق قائم مقام جرمن سی ای او برنڈ ہلڈربرانڈ اور سابق عارضی کنسلٹنٹ آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچونفر کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق 4 سال قبل پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈائریکٹر نے ایک اسامی کے لیے ریکوزیشن کی، سابق قائم مقام جرمن سی ای او نے مروجہ قوانین کے بر خلاف تقرری کر لی جب کہ تقرری بھی قانون کے خلاف آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچونفر کی اپنے کنسلٹنٹ کے طور پر کی گئی۔

مقدمے کے متن میں بتایا گیا کہ 3 ماہ کے لیے آسٹریلین کنسلٹنٹ کو 15 ہزار ڈالر اور دیگر مرتعیش مراعات پر  رکھا گیا، یہ کنٹریکٹ رولز اینڈ ریگولیشن کی خلاف ورزی اور مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر کیا گیا جس سے قومی خزانے کو کم از کم 50 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل عبدالرؤف شیخ کے مطابق دونوں غیر ملکیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔

مزید خبریں :