30 نومبر ، 2020
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے ملکی سیاست کے ہر مسئلے سے عمران خان کو لا تعلق کردیا۔
ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں سربراہ اتحاد مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کامیاب اورتاریخی اجتماع کے انعقاد اور ناجائز، نالائق حکومت کو شکست دینےپرعوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان کی شاہراہوں اورچوراہوں کوبندکیاگیا، ہمارےکارکنوں کو گرفتار کیا گیا، تشدد کیاگیا لیکن گزشتہ روز پریس کانفرنس میں صرف ڈنڈادکھایا توپھر دم دباکربھاگ گئے، جس طرح ملتان سے بھگایاہے،تمہاراتخت گرانےمیں بھی کامیاب ہوں گے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کاخیال ہےکہ گیدڑبھپکیوں سے ہم ڈرجاتےہیں، ہم نےسورماؤں کامقابلہ کیاہے توکیااورپدی کاشورباکیا؟ ملتان میں تشددکےخلاف جمعے اورہفتے کوپورےملک میں احتجاج ہوگا، اور پورےملک کےکارکنوں کوپیغام دیتاہوں،13 دسمبرکو لاہور میں ٹاکراہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک گیدڑملک چھوڑکر بھاگ نہیں جاتا،پیچھا کرنا ہے ، آپ کی حکمرانی کوجبرکی حکمرانی کہتےہیں، جبرکےخلاف لڑناہمارےاکابرکی سنت ہے۔
سربراہ اتحاد کا کہنا تھا کہ آپ نے ملک کی معیشت کو تباہ وبربادکردیا ہے، ہم جلسہ نہیں کریں گے تو غریب کی آواز کون بنے گا؟ ہم پوری قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں آئے ہیں، تمہاری خارجہ پالیسی ناکام ہے اور تم کشمیر فروش ہو، اب فلسطین کو بیچنا چاہتے ہو، تم امت مسلمہ کوبیچنا چاہتے ہو، ہم تمہیں سودا کرنے نہیں دیں گے اور تمہارے بین الاقوامی ناجائز ایجنڈوں کو مسلط ہونے نہیں دیں گے۔
فضل الرحمان نے مزید کہا کہ انتظامیہ نےکہاکسی قیمت پرجلسےنہیں کرنے دیں گے، ہم نے پریس کانفرنس میں کہا ہر قیمت پرجلسہ کریں گے، بتاؤ تمہاری بات چلی ہے یاہماری بات چلی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کا جلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے پورے ملک میں جمعے اور اتوار کو مظاہرے کرنے کا بھی اعلان کیا۔